خبرنامہ

شامی باغیوں کی امن مذاکرات کے بائیکاٹ کی دھمکی

بیروت: (ملت+اے پی پی) شام کے باغی گروہوں نے رواں ماہ روس اور ترکی کی کوششوں سے ہونے والے امن مذاکرات کے لیے کی جانے والی تمام تر تیاریوں میں شرکت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادفارے کے مطابق باغی گروہوں کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں شامی حکومت کی طرف سے کئی اور بڑے پیمانے پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کو اس اقدام کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔امن مذاکرات رواں ماہ قزاخستان کے دارالحکومت آستانہ میں ہونے ہیں۔شام کے باغیوں گروہوں کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے مسلسل فائرنگ اور بڑے پیمانے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے۔بیان کے مطابق جیسا کہ یہ خلاف ورزیاں جاری ہیں، باغی گروہ آستانہ مذاکرات سے جڑی تمام بات چیت کے عمل کو معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے روس کی کوششوں سے ہونے والے امن معاہدے اور تنازع کے حل کے لیے شامی حکومت اور باغی گروپ میں امن مذاکرات کے منصوبے کی توثیق کر دی تھی۔