بیروت:(ملت+اے پی پی) شام میں حکومتی فورسز اور روسی فضائیہ کی حلب میں شدید بمباری کے نتیجے میں 30 سے زائد شہری جاں بحق ہوگئے۔ شام میں انسانی حقوق کے حوالے سے کام کرنے والے برطانوی مانیٹرنگ گروپ کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک کے دوسرے بڑے اور معاشی طور پر اہم شہر حلب میں فضائی کارروائی کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 30 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ برطانوی مانیٹرنگ گروپ نے بتایا کہ حلب میں شامی فورسز اور روسی طیاروں کی جانب سے شدید بمباری جاری ہے،جس میں جنگجوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم اس میں درجنوں شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ گروپ کا دعویٰ ہے کہ شہر میں تقریبا ڈھائی لاکھ شامی موجود ہیں،جن کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ مذکورہ کارروائی امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے اپنے روسی ہم منصب سے جنگ بندی کےلیے مذاکرات کی ناکامی کے بعد کی گئی ہے۔ 19 ستمبر کو شامی فوج نے عسکریت پسندوں پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے روس اور امریکہ کے تحت ہونے والے جنگ بندی معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا،جس کے بعد ملک کے دوسرے بڑے اور اہم شہر حلب میں شدید بمباری کی گئی تھی۔ شامی فوج کے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ‘روس کی حمایت سے 12 ستمبر 2016 کو شام 7 بجے ہونے والی جنگ بندی معاہدے کے اختتام کا اعلان کردیا گیا’- شام میں 2011 میں صدر بشار السد کی انتظامیہ کے خلاف بغاوت کا آغاز ہوا تھا اور اس وقت سے اب تک شام بھر میں خانہ جنگی جاری ہے جس میں 3 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔