خبرنامہ

شامی فوج کی پیش قدمی جاری

دمشق: (ملت+اے پی پی) شامی فوج کی جانب سے مشرقی شہر حلب کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے لیے جاری پیش قدمی کے باعث 10ہزارکے قریب عام شہری باغیوں کے زیر انتظام علاقوں کو چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق انسانی حقوق کے لیے سرگرم برطانوی تنظیم سیریئن آبزرویٹری کا کہنا ہے کہ نقل مکانی کرنے والے رہائشیوں کی تعداد دس ہزار کے قریب ہے اور وہ حکومت کے زیر کنٹرول مغربی علاقوں کی جانب چلے گئے ہیں۔شام کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق نقل مکانی کرنے واے افراد کی تعداد 1500 سے زائد ہے جبکہ روس کا کہنا ہے 2500 عام شہریوں نے یہ علاقہ چھوڑا ہے۔مغربی حلب کی جانب نقل مکانی باغیوں کے زیرانتظام سب سے بڑے ضلع ہنانو پر شامی فوج کے قبضے کے بعد شروع ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران کئی ہزار عام شہری نقل مکانی کر چکے ہیں۔حلب میں شدید لڑائی جاری ہے اور باغیوں پر دباؤ بڑھایا جا رہا ہے۔سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق اس کارروائی کے آغاز سے اب تک ان حملوں میں 27 شہری ہلاک ہوچکے ہیں جن میں 11 بچے بھی شامل ہیں۔شامی فوج کی جانب ہنانو پر قبضہ کی کارروائی کو باغیوں کے خلاف سب سے بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔