خبرنامہ

شامی مذاکرات 23 فروری کو شروع ہوں گے، شرکا کو دعوت نامے ارسال

جنیوا (ملت + آئی این پی) اقوام متحدہ نے سوٹزر لینڈ کے شہر جنیوا میں 20 فروری کو متوقع شامی مذاکرات کے 23 فروری کو شروع ہونے کا اعلان کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے شام کے لئے نمائندہ خصوصی سٹیفن ڈی مستورا کے ترجمان یارا شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جن وفود کی مذاکرات میں شرکت متوقع ہے وہ 20 فروری تک جنیوا پہنچیں گے اور ڈی مستورا کے ساتھ مشاورت کریں گے۔شریف نے کہا کہ ڈی مستورا شامی امن مذاکرات کے لئے سفارتی کوششوں کو فعال شکل میں جاری رکھے ہوئے ہیں اور شرکا کو کل سے دعوت نامے بھیج دئیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی سٹیفن ڈی مستورا نے گذشتہ ماہ جاری کردہ بیان میں 8 فروری کو متوقع امن مذاکرات کے 20 فروری تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔دوسری طرف ترجمان شریف نے کہا ہے کہ 15 سے 16 فروری کو آستانہ میں متوقع شامی مذاکرات میں ڈی مستورا کے شرکت کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں کوئی حتمی بات سامنے نہیں آئی لہذا اس بارے میں وہ کوئی یقین دہانی نہیں کروا سکیں گے۔