ماسکو ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے شام میں روسی فوج کی جانب سے ممکنہ جنگی جرائم کے ارتکاب کی تحقیقات کے مطالبات کو سیاسی بیان بازی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے فرانسیسی ٹی وی چینل سے بات چیت میں کہا کہ ایسے سیاسی بیانات شام کی حقیقی صورت حال کی ترجمانی نہیں کرتے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ روسی فوج انسدادِ دہشتگردی کی جنگ جاری رکھے گی۔ پیوٹن نے افغانستان میں ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز کے ہسپتال پر امریکی بمباری کا ذکر بھی کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں شامی فورسز روسی فضائیہ کی مدد سے حلب شہر میں باغیوں کے زیرقبضہ علاقوں پر بڑی عسکری کارروائیوں میں مصروف ہیں جن میں درجنوں عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔