خبرنامہ

شام میں زہریلی گیس کے فضائی حملے میں 9بچوں سمیت 60 افراد جاں بحق،100سے زائد زخمی

دمشق /بیروت (ملت آن لائن + آئی این پی) شام کے شمال مغربی صوبے اِدلِب میں زہریلی گیس کے فضائی حملے میں 9بچوں سمیت 60 افراد ہلاک اور 100سے زائد زخمی ہوگئے ،اپوزیشن نے اقوام متحدہ سے زہریلی گیس کے حملوں کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔غیر ملکی میڈی اکے مطابق شام کے شمال مغربی صوبے اِدلِب میں زہریلی گیس کے فضائی حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 60 ہو گئی ہے۔ الحدث نیوز چینل کے مطابق مقامی کارکنان نے بتایا ہے کہ خان شیخون شہر میں منگل کی صبح ہونے والے اس حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں اکثریت شہریوں کی ہے۔ادھر شام میں انسانی حقوق کے مانیٹرنگ گروپ کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمن نے بتایا کہ حملے میں کم از کم 35 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 9 بچوں سمیت زیادہ اکثریت عام شہریوں کی ہے۔ رامی کے مطابق یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ زہریلی گیس کا حملہ کرنے والے طیارے شامی حکومت کے تھے یا روسی فضائیہ کے۔علاوہ ازیں اس فضائی بم باری کے سبب درجنوں افراد دم گھٹنے اور دیگر ابتر حالتوں کا شکار ہو گئے۔سوشل میڈیا پر اپوزیشن کارکنان کی جانب سے جاری تصاویر میں شہری دفاع کی ٹیموں کے اہل کار زمین پر لیٹے متاثرین پر پائپوں کے ذریعے پانی کا چھڑکا کرتے نظر آ رہے ہیں۔ متاثرین کو اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے ۔شام میں بشارالاسد انتظامیہ کی فوجوں کے دمشق میں مخالفین کے زیر کنٹرول علاقوں میں شدید بمباری سے کم از کم 32 افراد ہلاک ہو گئے۔شہر کے مشرق میں واقع غوطہ اور کبون محلے پر کل صبح سے ابتک 60 سے زائد فضائی حملوں کا ہدف بنے ہیں۔