خبرنامہ

شام کی جنگ میں لبنانیوں کی شرکت حکومتی فیصلہ نہیں، میشل عون

بیروت: (ملت+اے پی پی) لبنانی صدرمیشل عون نے کہا ہے کہ ہم نہیں چاہتے کہ لبنان سے کسی دوسرے ملک کو گزند پہنچے۔ ہم شام سے دہشت گردوں کے لبنان داخلے کو بھی روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔ لبنان کی بعض تنظیموں کے عناصر کا شام کی جنگ میں حصہ لینا حکومت کا فیصلہ یا ریاست کی پالیسی ہرگز نہیں۔ ایک عرب ٹی وی سے انٹر ویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ صدر کی حیثیت سے مجھے کسی کے خلاف اور کسی کے حق میں رائے دینے کا کوئی حق نہیں ہے۔ میں تمام لبنانی شہریوں کا نمائندہ ہوں۔ شام کی خانہ جنگی کے حوالے سے لبنان میں کئی قسم کی آراء پائی جاتی ہیں۔ بہتر اور عقل سلیم کے لیے قابل قبول موف مثبت غیر جانب داری ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں شام کے مسئلے کے سیاسی حل کا پرزور حامی ہوں کیونکہ غیرملکی مداخلت باہر سے جنگ بھڑکانے کا ذریعہ ثابت ہوتی ہے۔