خبرنامہ

شام کے لیے تیار کردہ نئے دستور پربحث قبل از وقت ہے، اپوزیشن

دمشق ۔ 04 فروری (ملت +اے پی پی) شامی اپوزیشن نے ملک کے لیے روس کی نگرانی میں تیار کردہ نئے دستور پر بحث کو قبل از وقت قرار دے کر پر اس پر بات چیت سے انکار کردیا ہے۔العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے شہر استنبول میں شامی اپوزیشن کے ایک اجلاس کے دوران اپوزیشن کی سپریم رابطہ کونسل برائے مذاکرات اور نیشنل الائنس کے رہ نماؤں نے اپنے موقف میں کہا کہ ملک کی خود مختاری اور اس کے نئے قانون پر بحث کے لیے یہ وقت مناسب نہیں ہے،بحث اس وقت کی جائے گی جب ملک میں مکمل طور پرامن ہوگا اور انتقال اقتدار کی یقین دہانی کرائی جائے گی۔شامی اپوزیشن کی طرف سے یہ موقف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اقوام متحدہ کی نگرانی میں شام کے بحران کے حل کے لیے ’جنیوا 4‘ اجلاس کے انعقاد کی تیاریاں کی جا رہی ہیں مگر اس اجلاس کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا جاسکا ہے۔