خبرنامہ

شام کے لیے 10 کروڑ ریال جمع کرنے کی مہم؛ شاہ سلمان

ریاض: (ملت+اے پی پی) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے شام کی مظلوم عوام کے ساتھ گہری ہمدری اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سعودی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شامی بھائیوں کے لیے دل کھول کرامداد دیں۔العربیہ ٹی وی کے مطابق خادم الحرمین الشریفین کی ہدایت پربدھ کو ملک گیر مہم شروع کی گئی جس میں شامی عوام کے لیے امداد جمع کی جا رہی ہے۔سعودی عرب کے شاہی دفتر سے جاری شاہ سلمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ شام کے شہرحلب اور دوسرے علاقوں میں ستم رسیدہ شامی بھائیوں کی مدد ہم سب کی ذمہ داری ہے اور تمام شہریوں کو مشکلات اور مصائب میں گھرے شامی شہریوں کی دل کھول کر امداد دینی چاہیے۔شاہ سلمان نے شام میں خانہ جنگی سے متاثرہ شہریوں کے لیے 10 کروڑ ریال جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس امدادی مہم کی نگرانی اور سرپرستی شاہ سلمان ریلیف سینٹر کررہا ہے۔