شوہر نے اپنی بیوی کی شادی عاشق سے کروادی
ممبئی:(ملت آن لائن) بھارت میں ایک نوجوان نے 6 دن بعد ہی خوشی خوشی اپنی بیوی کی شادی عاشق سے کرادی۔ بھارتی ریاست اڑیسہ کے گاؤں پلمرا کے رہائشی 28 سالہ باسودیپ تاپو نے اپنی بیوی کی خوشی کی خاطر شادی کے صرف 6 دن بعد ہی اپنی بیوی کی شادی اس کے عاشق کے ساتھ کروادی۔ باسودیپ کا کہنا ہے کہ میری شادی جرسوگدہ سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ خاتون سے ہوئی اور ہماری شادی میں دونوں خاندانوں کی خوشی شامل تھی۔ یہی وجہ تھی کہ رسم رواج کی پیروی کرتے ہوئے کسی قانونی دستاویز پر دستخط نہیں کیے گئے اور رضامندی سے ایک دوسرے کو میاں بیوی تسلیم کرلیا گیا۔ سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا لیکن شادی کے اگلے ہی روز بیوی کے گاؤں سے آنے والے 3 افراد نے سب کو پریشانی میں مبتلا کردیا۔
باسودیپ نے کہا کہ بیوی کے گاؤں سے آنے والے 3 افراد نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ بیوی کے کزن ہیں جس کے بعد انہیں گھر پر ہی ٹھہرایا گیا اور کچھ دن بعد اُن میں سے 2 واپس چلے گئے لیکن ایک شخص ہمارے ساتھ ہی رہا۔ اس پر نہ صرف مجھے بلکہ محلے داروں کو بھی کچھ شک ہوا اور ایک دن سب نے اس لڑکے کو پکڑ لیا لیکن جب مارنے لگے تو میری بیوی نے خود ہی اعتراف کرلیا کہ یہ شخص میرا عاشق ہے اور وہ اس سے شادی کرنا چاہتی ہے۔ باسودیپ نے کہا کہ تمام صوتحال کو دیکھتے ہوئے میں نے بیوی کی شادی اس کے عاشق سے کروانے کا فیصلہ کیا اور اس کے لیے پورا اہتمام بھی کیا کیوں کہ اگر بیوی کی شادی اُس کے عاشق سے کرانے کا فیصلہ نہ کرتا تو ہم تینوں کی زندگی تباہ ہوجاتی۔