خبرنامہ

شوہر91 سالہ بیوی کے مرنے پر پنشن لینےعدالت جا پہنچا

بیونس آئرس:(ملت آن لائن) ارجنٹائن کا 23 سالہ نوجوان اپنی 91 سالہ بیوی کے مرنے کے بعد اسے ملنے والی پنشن کے لیےعدالت جا پہنچا۔ ارجنٹائن کے شہر سالٹا سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ ماریشیو اوسولا نے 2016 میں 91 سالہ یولنڈا ٹوریس سے خفیہ طور پر شادی کی، یولنڈا کو مقامی قانون کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر پنشن ملتی تھی لیکن کچھ ہی عرصے بعد یولنڈا مر گئی، ماریشیو آنجہانی بیوی کی پنشن لینے متعلقہ ادارے میں پہنچا تو اس کی درخواست اس وقت مسترد کردی گئی جب اس کے پڑوسیوں نے اس قسم کی کسی بھی شادی سے ہی انکار کردیا۔ ماریشیو نے رجسٹرار کے دفتر میں اپنی شادی کو عظیم، جائز اور بہترین فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یولنڈا اس کی زندگی میں بہت اہمیت رکھتی تھی، اس نے یولنڈا سے شادی کا فیصلہ اس وقت کیا جب اس کی آنجہانی بیوی نے اس سے اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے کے لیے مدد کی یقین دہانی کرائی اور یہ شادی آنجہانی یولنڈا کی بھی آخری خواہش تھی۔ ماریشیو نے اعتراف کیا کہ شروع شروع میں اسے اپنے رشتہ داروں کی جانب سے کافی تشویش کا سامنا کرنا پڑا لیکن بعد میں سب ٹھیک ہوگیا۔ ماریشیو کا کہنا تھا کہ یولنڈا کے انتقال کے بعد قانونی طور پر اس کی پنشن مجھے ملنی چاہئے لیکن سوشل سروس ڈپارٹمنٹ مجھے پنشن کی ادائیگی سے انکار کررہا ہے لیکن میں اپنے حق کے لئے سپریم کورٹ تک جاؤں گا۔