خبرنامہ

صرف 14 ڈالر میں 33 کروڑ روپے کا گھر حاصل کیجیے

صرف 14 ڈالر میں 33 کروڑ روپے کا گھر حاصل کیجیے
لندن:(ملت آن لائن) اگر آپ خوش قسمت ہیں تو کیوں نہ 1500 روپے کے ایک ٹکٹ پر اپنا نصیب آزمائیں جس کے انعام میں آپ 30 لاکھ ڈالر (33 کروڑ روپے سے زائد) کا گھر، ایک ٹریکٹر، تھری ہول گالف کورس، 50 ہزار برطانوی پاؤنڈ نقد اور ایک سال تک کےلیے گھر میں ملازم سمیت دیگر اشیا جیت سکتے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ ایک شاندار رولز رائس کار بھی ساتھ دی جائے گی۔ یہ عالیشان مکان برطانوی کاؤنٹی ڈیون کے علاقے ٹی ورٹن میں واقع ہے اور ایک انگریز ارب پتی کی جانب سے اس کے انعامی ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوگئی ہے جسے ’ون اے ملینائر مینشن کمپی ٹیشن‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اسے انوکھے انداز میں فروخت کرنے والے صاحب ایک جانب تو ٹکٹ فروخت کرکے اس کی اصل رقم حاصل کرنا چاہتے ہیں تو دوسری جانب وہ اس عمل کو دلچسپ بنانے کے خواہاں ہیں لیکن ان کا دعویٰ ہے کہ اس دلچسپ انعامی لاٹری کا پورا عمل شفاف رکھا جائے گا۔سال 1990ء کے عشرے میں تعمیر ہونے والے اس مکان کے مالک نامعلوم برطانوی ارب پتی نے بتایا کہ اس مکان کو بہت محبت سے بنایا گیا جہاں انہوں نے اپنے خاندان کے ساتھ بہت اچھا وقت گزارا ہے۔ ’میں اس مکان کو فروخت کرکے تمام رقم اپنے پسندیدہ فلاحی اداروں کو عطیہ کردوں گا لیکن اس عمل میں کوئی جلد بازی نہیں کی جائے گی، ہم مکان سے یادگار تصاویر، ذاتی اشیا اور کپڑے لے جائیں گے اور اس کے بعد نیا مالک اس کا انتظام سنبھالے گا۔‘اب ذرا اس گھر کی خبر لیں کہ اس میں کیا کچھ ہے۔ عالیشان گھر میں چار بیڈرومز ہیں، ایک ڈرائنگ روم، ایک ڈائننگ روم، ایک بار، باورچی خانہ اور ناشتے کی جگہ، لائبریری، چھت پر باربی کیو روم، لان اور اسٹور روم موجود ہیں جبکہ اس کے ساتھ 10 ایکڑ پر محیط باغ، ایک تالاب، گالف کورس، ایک جم اور سوئمنگ پول، گرمیوں کا گھر اور ایک فلیٹ بھی موجود ہے۔اس مکان کا ٹکٹ 14 ڈالر میں فروخت ہورہا ہے جن میں سے ایک خوش نصیب شخص کو گھر اور رولز رائس ملے گی جبکہ مزید 9 افراد کو 10 ہزار پونڈ کی رقم کا ایک لفافہ بھی ملے گا۔