رملّہ ۔ (ملت آن لائن) فلسطینی دفترخارجہ نے کہا ہے کہ عالمی برادری نے ہمارے علاقوں میں اسرائیلی بستیوں کی تعمیر نہ رکوا کر اپنا اعتبار ختم اور دو ریاستی فارمولے کو بے معنی بنا دیا ہے۔ دفترخارجہ نے عرب علاقوں پر اسرائیل کے ناجائز قبضے، یہودی بستیوں کی تعمیر، اس کی منصوبہ بندی، فنڈنگ اور انتظامات کرنے والے اداروں فلسطینی زمینیں ہتھیانے، فلسطینیوں کو طاقت کے بل پر ان کی بستیوں سے نکالنے، ان کی بستیاں یہودیوں کے رہن سہن کے لیے مخصوص کرنے والے جملہ اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ فلسطینی دفتر خارجہ نے اس اعلامیہ میں توجہ دلائی کہ ماضی کے کسی بھی وقت کے مقابلے میں اب یہ سچائی روز روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے کہ فلسطینی علاقوں پر روزانہ قبضہ کیا جا رہا ہے۔