عالمی یوم خواتین: مکڈونلڈز کا خواتین کو خوبصورت خراج تحسین
لاہور:(ملت آن لائن)امریکی فوڈ کمپنی مکڈونلڈز نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر دنیا بھر کی خواتین کو انوکھا خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے لوگو کو پلٹ دیا جس کے بعد مکڈونلڈز کا ’ایم‘ ‘ڈبلیو‘ بن گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق مکڈونلڈز نے تاریخ میں پہلی بار یہ انوکھا قدم نہ صرف دنیا بھر کی باصلاحیت خواتین بلکہ مکڈونلڈز میں کام کرنے والی خواتین کو بھی خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اٹھایا ہے۔ لوگو پلٹ دینے کے بعد مکڈونلڈز کا لوگو آج کے دن ڈبلیو (ویمن ۔ خاتون) کی طرح دکھائی دے گا۔ مکڈونلڈز کے چیف ڈائیورسٹی آفیسر کا کہنا ہے کہ ہم اپنے ادارے میں کام کرنے والی خواتین کی قدر کرتے ہیں اور ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق مکڈونلڈز کی دنیا بھر میں موجود شاخوں میں مجموعی طور پر 62 فیصد خواتین کام کر رہی ہیں۔