عالمی یوم خواتین پر روسی پولیس کا خواتین کیلئے دلچسپ تحفہ
لاہور:(ملت آن لائن)دنیا بھر میں آج خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے اور اس حوالے سے مختلف تقریبات بھی منعقد کی گئی ہیں۔ روسی پولیس نے بھی اس موقع پر خواتین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کی پوری کوشش کی اور یہ دن منانے کے لیے دلچسپ انداز اختیار کرتے ہوئے انہیں گلاب کے پھول پیش کیے۔ہفنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق پولیس اہلکار گاڑی چلانے والی خواتین کو جب روکتے تو وہ پریشان ہوجاتیں اور گھبرا کر پوچھتیں کہ آخر کیا بات ہے، لیکن جیسے ہی وہ اہلکار کے ہاتھ میں گلاب کی کلی دیکھتیں تو حیران رہ جاتیں۔ خواتین کے مطابق جب پولیس اہلکار نے ان کی گاڑی کو روکا تو ان کے ذہن میں صرف چلان کاٹنے کا خیال آیا تھا۔ خواتین اس دلچسپ سرپرائز پر جہاں دنگ رہ گئیں وہیں انہیں خوشگوار حیرت بھی ہوئی۔ کچھ خواتین نے تو پولیس اہلکاروں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں۔