خبرنامہ

عام میک اپ سے حیرت انگیز بصری اثرات بنانے والی آرٹسٹ

عام میک اپ

عام میک اپ سے حیرت انگیز بصری اثرات بنانے والی آرٹسٹ

سیئول، کوریا:(ملت آن لائن) جنوبی کوریا میں ایک خاتون آرٹسٹ کی تصاویر دیکھ کر خود میک اپ ماہرین بھی حیران ہیں کیونکہ ان کی وائرل ہونے والی تصاویر میں میک اپ سے آپٹیکل الیوژن (بصری دھوکے) اور بصری اثرات نمایاں ہیں جنہیں عام لپ اسٹک، برش اور مسکارا سے بنانا ناممکن دکھائی دیتا ہے۔ چوبیس سالہ ڈین یون چھوٹی عمر سے ہی میک اپ کررہی ہیں اور انہوں نے جنوبی کوریا کے بہترین آرٹ اسکول سے تعلیم حاصل کی ہے۔ پھر بصری دھوکے یا الیوژن میں ان کی دلچسپی ہوگئی اور انہوں نے انسٹا گرام اور فیس بک پر اپنی تخلیقات پوسٹ کرنا شروع کردیں۔
تین سال قبل ڈین نے انسٹاگرام پر اپنی تصاویر پوسٹ کرنا شروع کیں تو ہر کوئی حیران رہ گیا اور اسے میک اپ ماننے سے انکار کردیا۔ بعض نے کہا کہ ڈین نے میک اپ کرنے کے بعد اسے فوٹو شاپ پر ایڈٹ بھی کیا ہے۔ ان میں سے دھندلے خدوخال اور چہرے کے آڑھے ترچھے نقوش ناقابل خیال و گمان ہیں۔ اب لاکھوں افراد ڈین کے مداح اور فالوور بن چکے ہیں۔ ڈین نے بتایا کہ میک اپ میں انہیں گھنٹے لگتے ہیں اور وہ بار بار آئینہ دیکھ کر ہر میک اپ کو بہترین بناتی ہیں۔ ڈین کے مطابق ایک خاص میک اپ میں انہیں 3 سے 12 گھنٹے تک لگ جاتے ہیں۔ اس دوران وہ تھری ڈی ایفیکٹ بنانے کی کوشش کرتی ہیں۔ جب لوگوں نے ان کے فن پر شک کا اظہار کیا تو انہوں نے پوری ویڈیو بناکر پوسٹ کرنا شروع کردیں۔ وہ اپنا میک اپ خود اپنے ہاتھوں سے کرتی ہیں اور کسی فوٹو ایڈیٹنگ سافٹ ویئر کا سہارا نہیں لیتیں۔ انہیں اب انٹرنیٹ پر غیرمعمولی میک اپ آرٹسٹ قرار دیا جارہا ہے۔