بغداد(ملت + آئی این پی)عراقی دارالحکومت بغداد کے جنوب میں خودکش کاربم دھماکے میں 10سیکورٹی اہلکار ہلاک اور 25زخمی ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابقعراقی دارالحکومت بغداد کے جنوب میں خودکش کاربم دھماکے میں 10افراد ہلاک اور 25زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس حملے میں بارود سے لدی ایک گاڑی کے ذریعے نیم فوجی شیعہ ملیشیا کے ایک قافلے کو نشانہ بنایا گیا ۔شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ رواں برس کے دوران عراق میں سرکاری تنصیبات اور شیعہ اکثریتی علاقوں میں اپنے دہشت گردانہ حملوں میں اضافہ کر چکی ہے۔دوسری جانب عراقی شہر موصل کو اسلامک اسٹیٹ یا داعش سے آزاد کرانے کے لیے بڑی عسکری کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے ٹیلی وژن پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فتح کا وقت آن پہنچا ہے۔ العبادی نے یقین دہانی کرائی کہ شیعہ ملیشیا کے بجائے صرف ملکی فوج اور پولیس اہلکار ہی موصل میں داخل ہوں گے۔ موصل اسلامک اسٹیٹ کے زیر قبضہ عراق کا آخری بڑا شہر ہے۔ ساتھ ہی کرد پیش مرگہ جنگجوں نے بھی موصل پر مشرق کی جانب سے چڑھائی شروع کر دی ہے۔ پیش مرگہ ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں وہ عراقی فوج کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ آئی ایس نے 2014 کے موسم گرما میں اس شہر پر قبضہ کیا تھا۔