خبرنامہ

عراق، بحران شام کے حل میں ثالثی کے لیے تیار

بغداد: (ملت+اے پی پی) عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری نے کہا ہے کہ ان کا ملک بحران شام کے حل میں ثالثی کے لیے تیار ہے۔روسی میڈیا اسپوتنک نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری نیکہا کہ شام اورعراق دونوں کو دہشت گردی کا سامنا ہے اور ہمسایہ ملک ہونے وجہ سے دونوں کا عدم استحکام ایک دوسرے کو متاثر کرتا ہے۔ ابراہیم الجعفری نے یہ بات زور دیکر کہی کہ ان کا ملک عرب لیگ میں خاص پوزیشن رکھتا ہے اور بحران شام کے حل کے لیے ، ایران، روس اور ترکی پر مشتمل سہ فریقی گروپ میں شمولیت کے لیے تیار ہے۔عراق کے وزیراعظم نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بعض ممالک دہشت گرد گروہ داعش کی حمایت پر بھاری رقم خرچ کر رہے ہیں اور اسے ہر طرح کا تعاون فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شمالی عراق کے صوبے نینوا کے بڑے علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا گیا ہے جبکہ موصل کے 56 میں سے 40 محلے اس وقت عراق کی مسلح افواج کے کنٹرول میں ہیں۔