خبرنامہ

عراق، داعش کا پولیس اسٹیشنز پر حملہ

بغداد: (ملت+آئی این پی)عراق کے شہر سامرا میں2 پولیس اسٹیشنز پرمسلح افراد کے حملوں میں 7پولیس اہلکار مارے گئے،داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی جبکہ گزشتہ روز بغداد میں ہونے والے داعش کے خودکش کار بم دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد39 ہو گئی،دوسری جانب اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ 2016میں پرتشدد واقعات میں 6878شہری جاں بحق اور12ہزار388افراد زخمی ہوئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراق کے شہر سامرا میں2 پولیس اسٹیشنز پرمسلح افراد کے حملوں میں 7پولیس اہلکار مارے گئے۔ مسلح افراد فائرنگ کرتے ہوئے شہر کے دو پولیس اسٹیشنز میں گھس گئے۔ عراقی حکام کا کہنا ہے مسلح حملہ آوروں نے خودکش جیکٹس بھی پہن رکھی تھیں۔ شدت پسند تنظیم داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ دوسری جانب دارلحکومت بغداد کے صدر سٹی ڈسٹرکٹ میں داعش کے خودکش کار بم دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد39 ہو گئی ہے ، دھماکا ایک مصروف بازار کے قریب اسکوائر پر کیا گیا۔پولیس افسران کے مطابق خودکش بمبار بارود سے بھرے ایک پک اپ ٹرک میں سوار تھا اور اس نے فروٹ اور سبزی کی مارکیٹ میں گھس کر پولیس چیک پوسٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دھماکے میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور نشانہ بنے جبکہ 3 پولیس اہلکار بھی ہلاک ہو ئے ۔حملے کا نشانہ بظاہر وہ مزدور ہیں جو صدر کے علاقے میں کام کا انتظار کر رہے تھے، داعش نے اپنی اعماق نامی ویب سائٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی میں 40 کے قریب لوگ مارے گئے۔دوسری جانب اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ 2016میں پرتشدد واقعات میں 6878شہری جاں بحق اور12ہزار388افراد زخمی ہوئے ۔عراق میں یو این مشن کا کہنا ہے کہ 2016میں پرتشدد واقعات میں 6878شہری جاں بحق اور12ہزار388افراد زخمی ہوئے ہیں۔ہلاکتوں کے اعداد وشمار میں مغربی صوبہ الانبار میں مئی ،جولائی ،اگست اور دسمبر میں شہریوں کی ہلاکتیں شامل نہیں ہیں۔