خبرنامہ

عراق، داعش کے 3مختلف خودکش حملوں میں 3فوجی ہلاک

بغداد: (ملت+آئی این پی)عراق میں داعش کے 3مختلف خودکش حملوں میں 3فوجی ہلاک اور 9زخمی ہوگئے جبکہ حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے فضائیہ کی مدد سے اسی علاقے میں آتشگیر مادے سے لدی ہوئی 4 گاڑیوں کوتباہ کردیا،دوسری جانب ترک وزیراعظم بن علی یلدرم سرکاری دورے پر بغداد پہنچ گئے ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق عراق کے علاقے صلاح الدین کے مرکز تکریت میں دہشت گرد تنظیم داعش کی جانب سے کیے جانے والے تین مختلف خود کش حملوں کے نتیجے میں تین فوجی ہلاک جبکہ نو زخمی ہوگئے ہیں۔اس حملے کے بعد سیکورٹی فورسز بت فضائیہ کی مدد سے اسی علاقے میں آتشگیر مادے سے لدی ہوئی چار گاڑیوں کوتباہ کردیا۔علاقے میں ہونے والی جھڑپوں کی وجہ سے پورے علاقے میں کرفیو لگا دیا گیا اور ال دورہ کے علاقے میں بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن جاری ہے۔ عراق کے دارالحکومت بغداد میں جمعرات کو ایک مارکیٹ میں ہونے والے کار بم دھماکے میں کم ازکم چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔داعش نے گزشتہ ہفتے عراقی دارالحکومت میں کئی بم دھماکے کیے جن میں تقریبا 100 افراد ہلاک ہوئے۔دوسری جانب ترک وزیراعظم بن علی یلدرم سرکاری دورے پر بغداد پہنچ گئے جو عراقی ہم منصب اور دیگر شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے جس میں خطے کی صورتحال اور داعش کے خلاف کاروائیوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔