خبرنامہ

عراق، مسجد کے قریب پارکنگ ایریا میں کار بم دھماکہ ،8 افراد ہلاک

بغداد: (ملت+آئی این پی) عراق کے دارالحکومت بغداد میں کار بم دھماکے میں 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد کے مشرقی علاقے میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 8افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا مسجد کے قریب پارکنگ ایریا میں ہوا اور بارودی مواد کو گاڑی میں رکھا گیا تھا، جسے ریموٹ کنٹرول کی مدد سے اڑا گیا ۔داعش کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی گئی ۔واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران عراق کے دارالحکومت بغداد سمیت مختلف علاقوں میں بم دھماکوں کے نتیجے میں 60 سے زائد افراد ہلاک جب کہ سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے ۔