خبرنامہ

عراقی فوج نے موصل شہر میں2خودکش حملہ آوروں کو ہلاک کردیا

بغداد (ملت + آئی این پی) عراقی فوج نے موصل شہر میں کاروائی کرتے ہوئے 2خودکش حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی فوج کا کہنا ہے کہ موصل شہر میں اچانک کارروائی کی وجہ سے دو خود کش بمباروں کو بارودی جیکٹ اڑانے سے قبل ہلاک کر دیا گیا۔ ان خود کش حملہ آوروں کو موصل کے حال ہی میں بازیاب کرائے گئے علاقے میں مارا گیا۔ اسی علاقے میں چھپے انتہا پسندوں کے خلاف کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ بھی قبضے میں لیا گیا۔ عراقی فوج کے بریگیڈیر یونس الشریفی نے اس فوجی کارروائی کی تصدیق کی ہے۔ الشریفی کے مطابق جن ہتھیاروں پر قبضہ کیا گیا ہے، ان میں راکٹ لانچرز کے علاوہ زہریلی گیسوں کے کنستر اور بارودی مواد بھی شامل ہے۔ موصل میں گزشتہ روز جمعے کو تین مختلف کار بم حملوں میں سولہ انسانی جانیں ضائع ہوئی تھیں۔