خبرنامہ

عراقی فوج نے موصل کے قریبی قصبے اور 4 دیہات کا قبضہ داعش سے چھڑا لیا

بغداد(ملت + آئی این پی )عراقی فوج نے موصل کے نزدیک برطلہ قصبے اور دیگر چار دیہات کا قبضہ داعش سے چھڑالیا، اب تک 50 سے زائد دیہات اور قصبے داعش کے کنٹرول سے آزاد کرائے جاچکے ہیں،جھڑپوں کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر ایک عراقی صحافی اور کیمرہ مین بھی مارے گئے، لڑائی کے باعث پانچ ہزار سے زائد افراد موصل اور نواحی علاقوں سے نقل مکانی کر گئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی افواج کی موصل میں داعش کے خلاف پیش قدمی جاری ہے، عراقی فوج موصل کے جنوب سے آگے بڑھنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ کرد فورسز مشرق اور شمالی علاقوں میں محاذ سنبھالے ہوئے ہیں۔موصل اور اطراف کے علاقوں میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی جارہی ہے، عراقی فورسز موصل کے جنوب میں 17دیہات اور تیل کے چھپن کنووں سے داعش کو نکال کر وہاں کا کنٹرول دوبارہ سے سنبھالنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔ادھر داعش نے موصل کے نزدیک قیارہ گندھک کے پلانٹ کو آگ لگادی ہے جس سے اٹھنے والے زہریلے بخارات سے بچاو کے لیے قیارہ ایئرفیلڈ میں موجود امریکی فوجیوں نے حفاظتی ماسک پہن لیے ہیں۔داعش کے خودکش بمبار مختلف علاقوں میں عراقی افواج کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں، داعش کے خلاف اس بڑی کارروائی کا جائزہ لینے امریکی وزیردفاع بھی عراق پہنچ گئے ہیں۔