خبرنامہ

عراقی فورسز نے موصل میں سرکاری دفاتر کا کنٹرول دوبارہ سنبھال لیا

بغداد (ملت + اے پی پی) امریکی حمایت یافتہ شامی اپوزیشن کے ملیشیا گروپوں نے داعش کے زیر قبضہ شہر رقہ اور صوبے دیر الزور کا زمینی رابطہ کاٹ دیا، عراقی فوج نے صوبہ نینوا کے مرکزی شہر موصل کے مغرب میں صوبائی حکومت کے مرکزی دفاتر کا کنٹرول دوبارہ سنبھال لیاہے ۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس اور کْرد عسکری ذرائع کی رپورٹس کے مطابق ان شامی ملیشیا گروپوں نے رقہ اور صوبے دیر الزور کو ملانے والی شاہراہ کے ایک حصے پر قبضہ کر کے یہ زمینی رابطہ منقطع کر دیا ہے۔ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز نامی ملیشیا اتحاد کی اس پیش رفت کے بعد اب رقہ شہر کو آنے جانے والے ایک کے سوا تمام راستے بند ہو گئے ہیں۔ اب داعش کے جہادیوں کے لیے رقہ سے نکلنے کا صرف جنوب کی طرف سے دریائے فرات کے پار سے ایک ہی راستہ باقی بچا ہے۔دریں اثناء منگل کو عراقی فوج کے جائنٹ آپریشنز کمانڈ سے جاری بیان کے مطابق عراقی فورسز(وفاقی پولیس اور ریپڈ ریسپانس فورس) نے داعش سے صوبائی حکومتی ہیڈ کوارٹرز اور سیکنڈ بریگیڈ (الحریا بریگیڈ)کا کنٹرول چھڑا کر دوبارہ سنبھال لیا ہے ۔