خبرنامہ

عراق ،امریکی عسکری اتحاد کے حملے میں داعش کی پراپیگنڈا ٹیم کا سربراہ ہلاک

بغداد (ملت آن لائن + آئی این پی) امریکی عسکری اتحاد نے عراق میں داعش کی پراپیگنڈا ٹیم کے سربراہ کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی عسکری اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ مغربی عراقی شہر القائم میں کیے گئے ایک حملے میں دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کی پراپیگنڈا ٹیم کا سربراہ اپنے ایک نائب کے ہمراہ ہلاک ہو گیا ہے۔امریکی عسکری اتحاد کے بغداد میں قائم دفتر نے دہشت گرد ابراہیم انصاری کی ہلاکت کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ اس مناسبت سے واضح کیا گیا کہ ہلاک ہونے والا ابراہیم الانصاری مغربی ملکوں میں دہشت گردانہ حملوں کی ترغیب دینے کے ساتھ ساتھ نئے جہادیوں کی بھرتی کے لیے پراپیگنڈے کا نگران تھا۔ عراقی ذرائع ابلاغ نے اسے اسلامک اسٹیٹ کا وزیر اطلاعات قرار دیا تھا۔ یہ حملہ رواں مہینے کی پچیس تاریخ کو کیا گیا تھا۔