خبرنامہ

عراق اور شام میں داعش کے 16 جنگجو ہلاک

بغداد / انقرہ / ماسکو:(ملت+اے پی پی) عراق کے سیکیورٹی ذرائع نے صوبہ نینوا میں اعلان کیا ہے کہ موصل کے الاصلاح الزراعی علاقے میں عراقی فضائیہ کے حملے میں داعش کے سرغنہ ابوبکر البغدادی کے نائب ابولوی سمیت داعش کے5دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ مغربی موصل کے علاقے الحدبا میں داعش کے ہیڈکوارٹرزپرعراقی فوج کے فضائی حملے میں الخلافہ تحریک کا سربراہ احمدالعجمی، داعش کے کمانڈرز حازم العکیدی اورمحمود الخاتونی ہلاک ہوگئے۔ عراقی فوج کے مطابق طیاروں نے شمال مغربی موصل کے الرشیدیہ اور شریخان العلیا علاقوں میں کاروں میں بم نصب کرنیوالے 2کارخانوںکوتباہ کردیا۔ داعش نیعراقی شہرموصل میں2 اہم سرکاری عمارتیں دھماکے سے اڑادیں۔ عراقی فوج کے ایک بریگیڈیئر نے بتایا کہ جنگجوؤں نے الفیصلیہ نامی علاقے میں 2 عمارتیں منہدم کردیں۔
عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے کہا ہے کہ عراق کے ہمسایہ ملک ترکی کے ساتھ تعلقات اس وقت تک معمول پر نہیںآئیںگے جب تک ترک حکومت عراق کے شمال سے اپنی فوجیںواپس نہیں بلالیتی۔ ترک جنرل اسٹاف کی جانب سے جاری ہونیوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمسایہ ملک شام میںگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ترک سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 11 داعش جنگجو ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے 347 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ علاوہ ازیں روسی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے اپنے ترک ہم منصب مولود چاوش اوگلو کے ساتھ شام میں فائربندی کے احترام کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے ساتھ ہی انھوں نے دہشت گرد تنظیموں کیخلاف جنگ جاری رکھنے پر بھی زوردیاہے۔