انقرہ ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ان کا ملک شمالی عراق کے بعشیقہ کیمپ سے اپنی فوج واپس نہیں بلائے گا کیونکہ عراق میں ترک فوج کی مداخلت کا مقصد دہشت گردوں کی سرکوبی ہے جبکہ موصل کو دہشت گردوں سے آزاد کرانے کے لیے بین الاقوامی برادری کو تعاون کرنا ہوگا۔ترک صدر طیب اردوان نے قونیہ شہر میں اپنے حامیوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اپنے اتحادی ممالک سے آئندہ چند روز میں موصل کو دہشت گردوں سے چھڑانے کے لیے جنگ میں شمولیت کی دعوت دے گا۔ ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اناطول‘ نے اپنی ایک سابقہ رپورٹ میں بتایا تھا کہ شمالی عراق کے بعشیقہ فوجی کیمپ میں ترک فوج کی زیرنگرانی جن عراقی جنگجوؤں کو عسکری تربیت فراہم کی گئی ہے وہ موصل کو داعش سے چھڑانے کے معرکے میں شامل ہیں۔