خبرنامہ

عراق میں داعش نے 5مقامی پولیس اہلکاروں سمیت 12افراد کو قتل کردیا

بغداد (ملت + آئی این پی) عراق میں شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ(داعش ) نے 5مقامی پولیس اہلکاروں سمیت 12افراد کو قتل کردیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراق میں جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے ایک درجن ایسے افراد کو ہلاک کردیا ہے، جو بغداد حکومت کے حامی تھے۔ ان ہلاک شدگان میں 7سنی قبائلی فائٹرز اور بقیہ 5 مقامی پولیس اہلکار تھے۔ ان افراد کو جہادیوں نے موصل شہر کے شمال میں واقع ایک قصبے شِراقت میں جعلی چیک پوسٹیں قائم کر کے قتل کیا۔ موصل کا قبضہ چھڑانے کی عراقی فوج کی مہم کے بعد سے ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے عسکریت پسند ایسے افراد کو تلاش کر کے قتل کر رہے ہیں، جن کی ہمدردیاں بغداد حکومت اور اْس کی فوج کے ساتھ ہیں۔ عراقی فوج نے موصل کی بازیابی کی مہم سترہ اکتوبر سے شروع کر رکھی ہے۔