لندن ۔ یکم اکتوبر (اے پی پی) برطانوی کمپنی کی رپورٹ کے نتائج میں سامنے آنے والی دلچسپ اور حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ملازمت میں انگریزی کے ساتھ مطلوبہ نو زبانوں میں عربی دوسری مطلوب ترین زبان ہے۔ جو شخص انگریزی کے ساتھ عربی زبان میں روانی رکھتا ہے اس کے سامنے ملازمتوں کے بڑے موقع ہوتے ہیں۔ ایسا شخص اپنےْ ان ساتھیوں کی اوسط تنخواہوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ تنخواہ حاصل کرتا ہے جو صرف انگریزی زبان بولتے ہیں۔ اگرچہ یہ سروے رپورٹ برطانیہ کی روزگار کی منڈی سے متعلق ہے تاہم یہ اپنی نوعیت کی پہلی رپورٹ ہے جو دنیا بھر میں کمپنیوں اور کاروبار مالکان کے علاوہ روزگار کی مرکزی منڈیوں میں مطلوب زبانوں پر روشنی ڈالتی ہے۔رپورٹ کے مطابق انگریزی کے ساتھ مطلوب نو اضافی زبانوں میں پہلے نمبر پر جرمن زبان ہے۔ برطانیہ میں انگریزی اور جرمن دونوں زبانوں میں روانی رکھنے والوں کو پیش کی جانے والی اوسط تنخواہ سالانہ 34 ہزار534 پاؤنڈ (45 ہزار ڈالر) ہے۔ دوسرے نمبر پر عربی زبان ہے جس سے واضح ہو جاتا ہے کہ یہ فرانسیسی اور ہسپانوی جیسی دیگر مرکزی زبانوں سے زیادہ مطلوب ہے۔ لہٰذا انگریزی اور عربی زبانوں میں روانی رکھنے والوں کی اوسط سالانہ تنخواہ 34 ہزار 122 پاؤنڈ (44.5 ہزار ڈالر) ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں اس وقت 1113 ایسی ملازمتیں موجود ہیں جن کے لیے شرط ہے کہ درخواست دینے والا انگریزی کے ساتھ عربی زبان میں بھی روانی رکھتا ہو۔فہرست میں تیسرا نمبر فرانسیسی زبان کا ہے۔ اس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ یہ دنیا کی دوسری اہم ترین زبان ہے۔ تاہم یہ بات ظاہر ہو گئی ہے کہ جرمن اور عربی میں روانی رکھنے والے افراد آمدنی اور ملازمت کے لحاظ سے فرانسیسی زبان جاننے والوں پر فوقیت رکھتے ہیں۔فہرست میں چوتھا نمبر ڈچ ، پانچواں ہسپانوی ، چھٹا جاپانی ، ساتواں روسی ، آٹھواں اطالوی جب کہ نواں اور آخری نمبر چینی زبان کا ہے۔