خبرنامہ

عرب اتحاد نے جازان کی جانب چلایا گیا حوثیوں کا بیلسٹک میزائل مار گرایا

ریاض /صنعاء (ملت + آئی این پی) عرب اتحاد نے جازان کی جانب چلایا گیا یمنی حوثیوں کا بیلسٹک میزائل مار گرایا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن میں قانونی حکومت کی عمل داری کی بحالی کے لیے جنگ آزما عرب اتحاد نے سوموار کو حوثی باغیوں کے چلائے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو مار گرایا ہے۔میزائل سے سعودی عرب کے سرحدی شہر جازان کو ہدف بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔اس ناکام میزائل حملے سے ایک روز قبل ہی سعودی سکیورٹی فورسز نے یمن سے مملکت کے سرحدی علاقے میں دراندازی کی کوشش کرنے والے تین افراد کو ہلاک کردیا تھا۔ عرب اتحاد نے 16 مارچ کو یمن کے صوبے الذباب کے شہر تعز میں یمنی فوج کی چوکی کی جانب چلائے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو ناکارہ بنا دیا تھا۔واضح رہے کہ ماضی میں یہ شواہد منظرعام پر آچکے ہیں کہ ایران یمن کی حوثی ملیشیا کو اپنے زلزال دوم میزائل مہیا کررہا ہے۔ایرانی ساختہ یہ میزائل طویل فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اس وقت ایرانی فوج ،لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ اور یمنی حوثیوں کے زیر استعمال ہیں۔