خبرنامہ

عمرہ ویزہ کی خلاف ورزی پرجیل اورجرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا

ریاض:(ملت آن لائن) سعودی حکام نے عمرہ کے ویزے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے قید اور جرمانے کا اعلان کردیا، سزائیں سعودی شہریوں اور تارکینِ وطن دونوں پر نافذ ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر برائے پبلک اموربریگیڈئر جنرل محمد بن عبد العزیز السعد نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پاسپورٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمرے کے ویزے کی خلاف ورزی کرنے والوں اور ان کے سہولت کاروں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ویزے کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو ملازمت پر رکھنا، انہیں پناہ دینا ، ٹرانسپورٹ فراہم کرنا اور چھپانا یہ وہ جرائم ہیں جن پر سزائیں دی جائیں گی اور یہ سزائیں سعودی شہریوں اور یہاں مقیم تارکینِ وطن دونوں پر یکساں نافذ ہوں گی۔

یہ اعلان عمرہ سیزن کے آغاز پر آگاہی مہم کے سلسلے میں کیا گیا ہے۔ یہ آگاہی مہم دسمبر کی دو تاریخ سے جون 2019 تک جاری رہے گی۔

محمد بن عبد العزیز نے مزید کہا کہ تارکین وطن اگر عمرہ کے ویزے کی خلاف ورزی کریں گے تو انہیں جرمانے کی ادائیگی اور سزا مکمل کرنے کے بعد ان کے ملک ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔

عمرہ سیزن کی تیاری کے سلسلے میں ’جوازات‘ ( محکمہ پاسپورٹ) نے بین الاقوامی انٹری پوائنٹس پر اپنے دفتر قائم کردیے ہیں جو کہ زائرین کو مملکت کے قوانین سے آگاہی فراہم کریں گے۔ ان پوائنٹس پر اعلیٰ تربیت یافتہ عملہ اور آلات رکھے گئے ہیں جو کہ جعلی سفری دستاویزات اور جعلی فوٹوز کی پڑتال کیا کریں گے ۔