خبرنامہ

غیر ملکی میڈیا کی پروا نہیں ہے، میری طاقت کا سرچشمہ عوام ہے: رجب

استنبول (ملت + آئی این پی) ترک صدر رجب طیب اردگان نے عوام پرست جمہوری پارٹی کے ارکان پارلیمان کی گرفتاریوں کے حوالے سے کہا کہ یہ افرادریاست ، قوم اور ملک کے مقننہ اداروں کے خلاف حقارت آمیز بیانات دیتے ہوئے غیر ملکی سطح پر قومی وقار کو سبوتاژ کرنے میں مصروف تھے،مجھے غیر ملکی میڈیا کی بالکل پروا نہیں ہے، میری طاقت کا سرچشمہ میری عوام ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق استنبول میں اکیڈمک ہاسپٹل کی تقریب افتتاح کے موقع پر ترک صدر نے عوام پرست جمہوری پارٹی کے ارکان پارلیمان کی گرفتاریوں کے حوالے سے کہا کہ کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اپنے اختیارات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملکی بقا کے خلاف حرکت کرے۔میں یہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ مجھے غیر ملکی میڈیا کی بالکل پروا نہیں ہے کیونکہ میری طاقت کا سرچشمہ میری عوام ہے ۔ انھوں نے کہاکہ حالیہ 3 سالوں کے دوران ترکی میں دہشت گردی کی لہر جو برپا کی گئی اس کے خلاف حتمی کاروائی کرنے کا وقت آگیا ہے ،آج کے بعد ہمیں کسی کی پروا نہیں کہ کوئی ہمیں کیا کہتا ہے ،کیا سوچتا ہے ہمیں اس وقت ملک و قوم کی بقا پیاری ہے جس کیلیے ہر ممکنہ اقدامات اختیار کیے جا رہے ہیں۔ یورپی ممالک کی تنقید پر صدر اردگان کا کہنا تھا کہ عدالتی بیان قلمبند کرنیکے لیے گرفتار شدہ ارکان کی ملک دشمن سرگرمیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں لہذا عدالت میں طلبی اور بیانات کا قلمبند کروانا حق بجانب ہے ۔ صدر نے کہا کہ کہ کوئی بھی اس ملک کے قوانین سے بالاتر اختیارات کا مالک نہیں ، کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اپنے اختیارات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملکی بقا کے خلاف حرکت کرے ۔