خبرنامہ

فلموں سے قبل پریتی زنٹا کیسی دکھائی دیتی تھیں؟

فلموں سے قبل پریتی زنٹا کیسی دکھائی دیتی تھیں؟

مبئی: بالی ووڈ کی ڈمپل گرل پریتی زنٹا نے انسٹاگرام پر اپنی ایک پرانی تصویر شیئر کی ہے جس میں انہیں پہچاننا مشکل ہی نہیں تقریباً ناممکن ہے۔

فلم ’’دل سے‘‘ سے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کرنے والی نامور اداکارہ پریتی زنٹا کا شمار بالی ووڈ کی خوبرو اداکاراؤں میں ہوتا ہے ، پریتی ان دنوں فلموں سے دور لیکن سوشل میڈیا پر کافی سرگرم ہیں ، حال ہی میں انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی ایک پرانی تصویر شیئر کی ہے جسے دیکھ کر یقین کرنا مشکل ہے کہ یہ پریتی کی ہی تصویر ہے

بھارتی میڈیا کے مطابق پریتی زنٹا نے فلموں میں اینٹری سے قبل ماڈلنگ کی دنیا میں بھی خوب نام کمایا ہے، انہوں نے ماڈلنگ کے زمانے کی ایک پرانی تصویر مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ میگزین کے لیے کیےگئے میرے پہلے فوٹو شوٹ کی تصویر ہے، تصویر دیکھ کر یقین کرنا مشکل ہے کہ یہ پریتی زنٹا ہیں، تصویر میں پریتی کے ڈمپل بالکل بھی نظر نہیں آرہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ پریتی تصویر میں بالکل بھی نہیں پہچانی جارہیں۔

واضح رہے کہ شادی کے بعد پریتی زنٹا نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی تاہم وہ فلم ’’بھیا جی سپرہٹ‘‘ کے ساتھ بالی ووڈ میں دوبارہ واپسی کررہی ہیں فلم میں ان کے ساتھ سنی دیول اور امیشا پٹیل بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

…………
فیس بک نے یوٹیوب کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

نیویارک: سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے دنیا کی سب سے بڑی ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

فیس بک نے اعلان کیا ہے کہ وہ جمعے سے نئے ویڈیو فیچر کا آغاز کرنے جا رہا ہے جس میں صارفین لائیو اور ریکارڈڈ ویڈیوز دیکھ سکیں گے۔ فیس بک نے اس فیچر کا نام ’’واچ‘‘ رکھا ہے جسے فی الحال محدود پیمانے پر شروع کیا جا رہا ہے۔ فیس بک ہوم پیج پر جلد واچ کے نام سے ایک ٹیب کا اضافہ ہوجائے گا جس پر کلک کرکے صارفین ویڈیوز ہوم پیج پر پہنچ جائیں گے اور وہاں موجود ویڈیوز سے محظوظ ہو سکیں گے۔

فیس بک کافی عرصے سے ڈیجیٹل ویڈیو کے شعبے میں قدم رکھنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے تاہم اب تک وہ اس مقابلے میں کافی پیچھے ہے۔ فیس بک کے نئے واچ فیچر میں صارفین کو براہ راست تقاریب دیکھنے کو ملیں گی جبکہ فیس بک کے ویڈیو پارٹنرز نیشنل جیوگرافک، ٹائم انکارپوریشن، ناسا اور این بی اے بھی اس کے لیے ویڈیوز تیار کریں گے۔

فیس بک کے ترجمان نے امریکی ٹی وی کو انٹریو میں بتایا کہ فی الحال ان ویڈیوز کی فہرست موجود نہیں جنہیں فیس بک واچ میں شامل کیا جائے گا اور ابھی یہ فیچر آزمائشی مراحل سے گزر رہا ہے۔ فیس بک واچ پر صارفین اپنی ویڈیو فیڈز کو اپنی مرضی سے ترتیب دے سکیں گے اور اپنی پسندیدہ ویڈیوز کو لائک اور فالو کرسکیں گے جیسا کہ وہ یوٹیوب پر سبسکرائب کرتے ہیں۔ فیس بک واچ یہ بھی بتائے گا کہ آپ کے دوست اس وقت کون سی ویڈیوز دیکھ رہے ہیں۔ فی الحال یہ سروس صرف امریکا میں دستیاب ہو گی۔

فیس بک کے اس اقدام سے یوٹیوب کے صارفین کی تعداد میں کمی ہونے کا امکان ہے کیوں کہ فیس بک کے صارفین کی تعداد ایک ارب سے زائد ہے اور اگر انہیں اپنی پسندیدہ ویڈیوز فیس بک پر ہی مل جائیں گی تو وہ کسی اور ویب سائٹ پر نہیں جائیں گے۔ خیال رہے کہ چند روز قبل یوٹیوب نے بھی اپنا میسنجر متعارف کرایا تھا۔