خبرنامہ

فوجی مداخلت عالمی امن کے لئے بڑا خطرہ ہے،ایرانی صدر

تہران ۔ 08 نومبر (ملت + اے پی پی) ایران کے صدر حسن روحانی نے دیگر ملکوں پر جارحیت اور ان ملکوں کے داخلی امور میں مداخلت کو عالمی امن و سلامتی کے لئے ایک بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق صدر حسن روحانی نے تہران میں ٹوگو کے وزیر خارجہ رابرٹ ڈیزی سے گفتگو کرتے ہوئے عالمی مسائل و مشکلات کے حل کے لئے بین الاقوامی تنظیموں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دنیا میں امن و سلامتی کو لاحق خطرہ اور تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی، اس وقت عالمی برادری کے لئے دو بڑے چیلنج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض ملکوں کی جانب سے دہشت گردوں کی مالی مدد، ہتھیاروں کی فراہمی اور دہشت گردوں کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی روک تھام کی ضرورت ہے۔