خبرنامہ

لبنان: زیادتی سے متعلق قانون پر خواتین کا احتجاج

لبنان:(ملت+اے پی پی) کی خواتین نے پارلیمنٹ میں زیر بحث مجوزہ قانون سازی کے خلاف احتجاج کیا ہے، جس کے مطابق ریپ کرنے والے شخص کو اس صورت میں معافی مل سکتی ہے، اگر وہ مذکورہ خاتون سے شادی کرلے۔ درجن بھر لبنانی خواتین نے بیروت میں حکومتی عمارت کے سامنے سفید کپڑوں میں جسم پر پٹیاں باندھ کر اپنا احتجاج رقم کروایا۔ اس موقع پر مقامی این جی او ’آباد‘ کی سربراہ غدا انانی کا کہنا تھا کہ ہم خواتین کے حقوق کی پامالی کے اس مجوزہ قانون کو مسترد کرتے ہیں۔ اس قانون سازی کا مطلب یہ ہے کہ مذکورہ خاتون کا روزانہ کی بنیاد پر ریپ کرنے کی اجازت دے دی جائے کیوں کہ ایک ایسا شخص جس نے کسی خاتون کی عزت پامال کی ہو، اسے اسی شخص کے ساتھ زندگی بھر رہنا ہوگا۔ ترکی میں بھی رواں سال اسی طرح کی قانون سازی کی تجویز دی گئی تھی، جس پر ترک عوام نے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا تھا۔