خبرنامہ

لبنان میں سعد حریری کی قیادت میں 29 رکنی کابینہ تشکیل

بیروت:(ملت+آئی این پی)لبنان میں فیوچر پارٹی کے سربراہ سعد حریری کی قیادت میں ملک میں نئی حکومت تشکیل دے دی گئی۔ نئی تشکیل پانے والی حکومت میں 29 وزرا شامل ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کابینہ کے سیکرٹری جنرل فواد فلیفل نے جاری کردہ ایک پریس بیان میں بتایا کہ نو منتخب وزیراعظم سعد حریری کی قیادت میں تشکیل پانے والی کابینہ میں 29 وزرا کو شامل کیا گیا ہے۔ لبنان کے ذرائع ابلاغ کے مطابق کابینہ میں بعض وزارتیں پہلی بار شامل کی ہیں۔ پناہ گزینوں کے امور کی نگرانی، انسداد کرپشن، ایوان صدر کے امور، خواتین اور انسانی حقوق کی وزارتیں پہلی بار لبنانی کابینہ کا حصہ بنی ہیں۔نئی کابینہ میں سعد حریری وزیراعظم، غسان حاصبانی نائب وزیراعظم اور وزیرصحت، مروان حما ہائی ایجوکیشن، طلال ارسال وزیر برائے مہاجرین، غازی زعیتر وزیر زراعت، میشل فرعون وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی، علی حسن خلیل وزیر مالیات جان اغاسبیان ویز برائے امور خواتین، یعقوب صراف وزیردفاع، سلیم جریصاتی وزیر قانون وانصاف اورایمن شقیر کو وزیر برائے انسانی حقوق مقرر کیا گیا ہے۔نئی کابینہ کی تشکیل کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم سعد حریری نے کہا کہ ان کی تشکیل کردہ حکومت میں تمام نمائندہ سیاسی قوتوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔ یوں نئی حکومت قومی وفاقی حکومت ہے۔ انہوں نے پارلیمانی انتخابات کے لیے قانون سازی کرنے اور وقت مقررہ پر پارلیمانی انتخابات کرانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ ملک میں امن امان کے قیام، کرپشن کے خاتمے اور لبنان کو عالمی اور علاقائی تنہائی سے نکالنے کے لیے موثر اقدامات کا بھی اعلان کیا۔