لڑکی نے کرائے کے قاتل سے خود کو قتل کرا لیا
واشنگٹن: (ملت آن لائن) ایک امریکی شخص کو 19 سالہ لڑکی کے قتل کے بعد جب عدالت میں پیش کیا گیا تو اس نے انکشاف کیا کہ لڑکی نے کرائے کے قاتل کا اشتہار دیا تھا اور وہ کسی اور کو نہیں خود کو قتل کروانا چاہتی تھی۔ لڑکی کے قاتل 22 سالہ مائیکل لوپیز نے عدالت میں بتایا کہ اس نے امریکا میں ذاتی اشتہاروں والی ایک ’کریگ لسٹ‘ میں 19 سالہ لڑکی میری بولنگر کا ایک اشتہار دیکھا جس میں وہ کسی ایسے اجرتی قاتل کی تلاش میں تھی جو اسے قتل کر دے کیونکہ وہ کئی بار خود کشی کے بارے میں سوچ چکی تھی۔
قاتل مائیکل لوپیز نے بتایا کہ پہلے اس نے لڑکی سے بات کرنے کی کوشش کی کہ وہ موت کا خیال ترک کر دے لیکن بارہا کوشش کے باوجود وہ اپنی جان لینے پر اصرار کرتی رہی۔ اس کے بعد وہ لڑکی کو ایک سنسان سڑک پر لے گیا اور روڈ کے ساتھ کچھ دور چلنے کے بعد دونوں نے ایک جگہ رک کر دعا مانگی۔ مائیکل لوپیز نے بتایا کہ اس کے بعد میری بولنگر گھٹنوں کے بل بیٹھ گئی اور اس کے بعد میں نے اس کے سر کی پشت پر رکھ کر گولی چلا دی جس سے اس کی فوری موت واقع ہو گئی۔ قاتل نے دعویٰ کیا کہ لڑکی نے اسے کوئی رقم نہیں دی بلکہ اسے کہا کہ وہ قتل کے بعد یہ قیمتی پستول بطور معاوضہ رکھ سکتا ہے۔