خبرنامہ

لیبیا؛ بن غازی کے مغرب میں فوج کا جنگی طیارہ گر کر تباہ

طرابلس: (ملت+آئی این پی) لیبیا کے شہر بن غازی میں فوج کا جنگی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تاہم پائلٹ محفوظ رہا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق لیبیا میں سرکاری فوج کی قیادت کے ایک اعلان میں کہا گیا ہے کہ بن غازی شہر کے مغرب میں ایک جنگی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔اعلان میں بتایا گیا ہے کہ مگ 23 ساخت کے طیارے کو قنفودہ کے علاقے میں موجود دہشت گرد گروپوں کی جانب سے تھرمل راکٹ کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں وہ گر کر تباہ ہوا تاہم طیارے کا ہوا باز حادثے میں محفوظ رہا۔ واضح رہے کہ قنفودہ کے علاقے میں اس وقت شدید لڑائی جاری ہے۔بن غازی شہر کے مغرب میں لیبیا کے فضائی طیاروں کے حملوں میں بھی شدت آ گئی ہے جہاں ابھی تک دہشت گرد عناصر متعدد شہریوں کو انسانی ڈھال بنا کر چھپے ہوئے ہیں۔ایک سرکاری بیان کے مطابق لیبیا کی فوج نے قنفودہ کے مقابل واقع علاقے بوصنیب میں بڑی پیش قدمی کر لی ہے اور وہاں فوجی آپریشن اپنے اختتام کے قریب ہے جب کہ قنفودہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر لڑاکا طیاروں کی بم باری کا سلسلہ جاری ہے۔