خبرنامہ

لیبیا میں یرغمال 13 مصریوں کی فوج کی مدد سے رہائی

طرابلس (ملت + اے پی پی) مصری فوج نے لیبیائی آرمی کی جنرل کمان کے ساتھ رابطے کے ذریعے 13 مصری یرغمالیوں کو بازیاب کرا لیا ہے۔ان مصریوں کو لیبیا کے علاقے اجدابیا میں ایک مسلح جرائم پیشہ گروہ نے اغوا کر لیا تھا۔ مصری فوج کے ترجمان کرنل تمر الرفاعی نے بتایا ہے کہ انھوں نے یرغمالیوں کے قریبی رشتہ داروں سے رابطہ کیا ہے اور ان کی مصر واپسی کے لیے کاغذات تیار کر لیے گئے ہیں۔الرفاعی نے لیبیائی فوج کی جنرل کمان کا ان یرغمالیوں کی رہائی کے لیے معاونت پر شکریہ ادا کیا ہے۔وزارتِ خارجہ نے مصریوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ کسی تیسرے ملک کے ذریعے لیبیا لے جانے والے گروہوں کے جھانسے میں نہ آئیں اور ان کے فریب میں آ کر غیر قانونی طور پر لیبیا میں داخل ہونے سے گریز کریں ،ورنہ انھیں وہاں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔