خبرنامہ

متحدہ عرب امارات نے پاکستان سے درآمد پر 8سال سے عائد پابندی ہٹالی

ابوظہبی (ملت + آئی این پی) متحدہ عرب امارات نے پاکستان سے پولٹری اور پولٹری کی مصنوعات کی درآمد پر 8سال سے عائد پابندی ہٹالی ۔ اس بات کا اعلان وزارت تجارت نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے پابندی ہٹائے جانے کے بارے میں باضابطہ طور پر مطلع کیے جانے کے بعد کیا ۔ جس کے تحت اب متحدہ عرب امارات کے ایکسپورٹ کے لیے محکمہ کی سرٹیفائیڈ پاکستانی کمپنیاں انڈے اور مرغی کا گوشت متحدہ عرب امارات بھیج سکیں گی اور یہ گوشت یو اے ای کے مطلوبہ معیارات اور ہیلتھ سرٹیفکیٹ سے منسلک مذبح خانوں کا ہوگا جو پاکستان سے متحدہ عرب امارات کے لیے درآمدہو سکے گا۔وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان برادر ملک متحدہ عرب امارات جیسے طویل تجارتی شراکت دار کی طرف سے پولٹری پر عائد پابندی اٹھانے کے اقدام کو سراہتا ہے۔ وزیر تجارت نے اس ضمن میں خارجہ امور بارے وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز اور وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سکندر حیات خان بوسن کے تعاون کو بھی سراہا ہے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر معظم احمد خان کی کوششوں کی بھی تعریف کی ہے۔ وزیر تجارت نے متحدہ عرب امارات کے پولٹری انسپکٹرز کے حالیہ دورہ اور پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے پیشہ وارانہ تعاون کا بھی اعتراف کیاہے متحدہ عرب امارات پاکستان سے سالانہ700ملین ڈالرز سے زائد کی پولٹری مصنوعات درآمد کرتا ہے اور پاکستان کو8سال قبل پولٹری مصنوعات متحدہ عرب امارات بھیجنے سے روک دیا گیا تھا تاہم اب متحدہ عرب امارات کی طرف سے پابندی ہٹا لیے جانے کے بعد پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے یہ مارکیٹ بھی کھل جائے گی ۔ جنہوں نے حالیہ سالوں میں پولٹری صنعت کے ٹیکنالوجیکل شعبہ میں قابل ذکر ترقی کی ہے۔