خبرنامہ

متحدہ عرب امارات کا سیاحوں سے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی وصولی ختم کرنے کا اعلان

دبئی ۔ (ملت آن لائن) متحدہ عرب امارات نے سیاحوں سے ویلیوایڈڈ ٹیکس کی وصولی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔اس فیصلے کا اطلاق 18 نومبر سے ہوگا۔فیڈرل ٹیکس اتھارٹی کی جانب سے گزشتہ روز جاری ہونے والے بیان کے مطابق ایسے سیاح جن سے 18 نومبر کے بعد کسی چیز کی خریداری پر5 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی وصولی کی گئی ہو وہ اس کا ریٹرن کلیم کرسکیں گے۔پہلے مرحلے میں ابوظہبی، دبئی اور شارجہ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر ڈیجیٹل سسٹم کے تحت ٹیکس کی ریفنڈنگ کی جائے گی۔دسمبر کے وسط تک یہ نظام ملک کے تمام ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور دیگر علاقوں تک نافذ کردیا جائے گا۔منصوبے کا مقصد متحدہ عرب امارات کو دنیا میں ایک اہم سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کرانا ہے۔فیڈرل ٹیکس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 18 نومبر سے جاری ہونے والی ٹیکس انوائسز کے تحت صرف اہل سیاحوں کو ویلیو ایڈڈ کی ریفنڈنگ کی جائے گی۔ادارے کے ڈائریکٹر جنرل خالد علی البستانی کے مطابق ملک بھر میں موجود 4 ہزار سے زیادہ تجارتی مراکز کو الیکٹرانک سسٹم کے تحت مربوط کیا جائے گا اور اس حوالے سے رجسٹرڈ کاروباری مقامات سے حاصل کردہ ٹیکس انوائسز پر ہی ری فنڈنگ کی جائے گی۔