خبرنامہ

متحدہ عرب امارت ،بنگلے میں آتشزدگی سے سماجی خاتون ماں اور بہن سمیت جاں بحق

شارجہ(ملت + آئی این پی) متحدہ عرب امارت کے شہر شارجہ کے بنگلے میں آتشزدگی کے نتیجے میں چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی کرنے والی کاروباری وسماجی خاتون ماں اور بہن سمیت جاں بحق ہو گئیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق آگ شارجہ کے ایک رہائشی علاقے میں واقع بنگلے میں لگی جہاں متحدہ عرب امارت کی معروف کاروباری و سماجی خاتون شخصیت امیرہ کرم ماں اور بہن کے ہمراہ مقیم تھیں جو گھر میں دھواں بھرنے اور دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہوگئیں، جبکہ ان کے بھائی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔38سالہ امیرہ عبدالرحیم بن کرم شارجہ کے معروف کاروباری بن کرم گروپ کی ایچ آر منیجر اور شارجہ میں کاروباری خواتین کی فیڈریشن اور خواتین کی ترقی کے لیے بنائی گئی تنظیم کی صدر بھی تھیں ساتھ ہی وہ کینسر سے آگاہی کیلئے انتہائی فعال سمجھی جاتی تھیں۔