خبرنامہ

متوجہ کرنے والے عوامل

لاہور (ملت آن لائن) بعض چیزوں میں کچھ ایسی خصوصیت ہوتی ہے کہ ہماری توجہ خود بخود ان کی طرف چلی جاتی ہے۔ اس اعتبار سے توجہ کے عوامل کو دو حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے، معروضی اور موضوعی عوامل ۔ معروضی عوامل کا تعلق مہیجات میں پائی جانے والی خصوصیات سے ہوتا ہے۔ بعض مہیجات اپنی کسی نمایاں خصوصیت جیسے شوخ رنگ یا شدت وغیرہ کی بنا پر لوگوں کو متوجہ کرتے ہیں ، مثلاً گولہ پھٹنے کی شدید آواز کی طرف سبھی لوگ متوجہ ہوجاتے ہیں ۔ عام لوگوں کے درمیان کوئی طویل القامت شخص آجائے تو اپنی نمایاں جسامت کی وجہ سے وہ لوگوں کی توجہ کا مرکز بن جائے گا ۔ توجہ کے ان عوامل کے بارے میں وسیع پیمانے پر تحقیقات کی گئی ہیں اور یہ دریافت کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ چیزوں کی کون سی خصوصیات زیادہ سے زیادہ توجہ حاصل کرنے کا باعث بنتی ہیں ۔