محبت میں ناکامی پر بھارتی دوشیزہ نے اپنی خود کشی کے لمحات محفوظ کرلئے
نئی دلی:(ملت آن لائن) بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی نیشادیوی نے محبت میں ناکامی پر دلبرداشتہ ہوکر خود کشی کی ویڈیو بنا کر اپنے سنگدل عاشق کو بھیج دی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے قصبے روہینی کی رہائشی نیشا دیوی نے محبت میں ناکام ہونے کے بعد خود کشی کرلی اور اپنی خودسوزی کے لمحات بھی موبائل کے ذریعے محفوظ کرکے اپنے محبوب کو بھیج دیئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نیشا دیوی داس نامی لڑکی کو نکھل بورکر نامی نوجوان سے محبت تھی، اور نکھل نے اسے شادی کے خواب بھی دکھا رکھے تھے تاہم سنگدل محبوب نے نیشا کی محبت کا ناجائز فائدہ اٹھایا اور بعد میں شادی سے مکر گیا جس پر لڑکی نے اپنی شادی سے 10 روز قبل ہی اپنے موبائل کیمرے کے سامنے بیٹھ کر زہر پی لیا اور ویڈیو اپنے محبوب نکھل کے موبائل پر بھیج دی۔
نیشا کے بھائی کے مطابق بہن کی تشویشناک حالت دیکھ کر اسے اسپتال پہنچایا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی اور جب نیشا کے موبائل میں محفوظ ویڈیو دیکھی تو سارا معاملہ سامنے آگیا۔ نیشا کے بھائی نے مطالبہ کیا ہے کہ میری بہن کی موت کا ذمہ دار نکھل ہے جس نے ناصرف نیشا کا غلط استعمال کیا بلکہ اسے موت کے منہ میں دھکیل دیا۔