خبرنامہ

مدینہ منورہ ، امارات ، ترکی اور کویت کو 91ہزار ٹن کھجوریں برآمد کرے گا

مدینہ منورہ۔ (ملت+اے پی پی) سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ کی کھجوریں دنیا ئے اسلام میں پسند کی جاتی ہیں۔ 60ممالک مدینہ منورہ سے کھجوریں درآمد کر رہے ہیں۔ ان میں متحدہ عرب امارات سر فہرست ہے۔ ترکی دوسرے اور کویت تیسرے نمبر پر ہے۔ سعودی اخبار کے مطابق مدینہ منورہ کے کاشتکار رواں برس امارات ، ترکی اور کویت کو 91ہزار ٹن سے زیادہ کھجوریں برآمد کریں گے۔ مذکورہ ممالک نے 2017ء میں 700ملین ریال سے زیادہ کی 140ہزار ٹن سے زیادہ کھجوریں درآمد کی تھیں۔مدینہ کے بین الاقوامی کھجور میلے سے واقف کاروں نے توقع ظاہر کی ہے کہ مملکت میں اس سال مدینہ منورہ سے اس کی پیداوار کا 35 فیصد برآمد کرے گا۔ مدینہ منورہ میں 2018ء کے دوران 260 ہزار ٹن کھجوریں پیدا ہوئی ہیں۔ ایک تاجر سلطان سلیھم نے بتایا کہ دنیا کے کسی بھی شہر کے مقابلے میں سب سے زیادہ مدینہ کی کھجور پسند کی جاتی ہے۔ مدینہ میں کھجور کے درخت 30لاکھ سے زیادہ ہیں۔ سعودی برآمدات بورڈ نے رپورٹ دی ہے کہ 2016ء کے مقابلے میں 2017ء میں کھجوریں 20فیصد زیادہ برآمد کی گئیں۔ سعودی زرعی فروغ فنڈ کھجور کے منصوبوں پر 800ملین ریال سے زیادہ کا سرمایہ لگائے ہوئے ہے۔