خبرنامہ

مریض کے سر میں دماغ سے بھی وزنی رسولی!

مریض کے سر

مریض کے سر میں دماغ سے بھی وزنی رسولی!

نئی دلی:(ملت آن لائن) بھارت میں ایک 31 سالہ شخص کے دماغ سے 1.8 کلوگرام وزنی رسولی نکال لی گئی۔ اس رسولی کو انسانی سر سے نکالی جانے والی، اب تک کی سب سے بڑی رسولی بھی قرار دیا جارہا ہے جو اپنی جسامت اور وزن کے اعتبار سے انسانی دماغ کے مقابلے میں بھی بڑی ہے۔
بھارتی ریاست اترپردیش کے 31 سالہ رہائشی سنت لال پال کے دماغ سے 1.8 کلوگرام (چار پاؤنڈ) وزنی رسولی نکال لی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سنت لال پال گزشتہ تین برس سے اس بیماری میں مبتلا تھے۔ دماغ میں رسولی کے باعث سنت لال کی بینائی بھی شدید متاثر ہوئی تھی اور یکم فروری کو ان کی بینائی مکمل طور پر چلی گئی تھی۔ سنت لال علاج کی غرض سے الہ آباد کے اسپتال بھی جاچکے تھے لیکن اسپتال انتظامیہ نے انہیں یہ کہہ کر داخل کرنے سے انکار کردیا تھا کہ یہ آپریشن بہت نازک ہے۔ بعد ازاں انہیں ممبئی کے نیئر اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں ان کا آپریشن کیا گیا اور ان کے دماغ سے 1.8 کلوگرام وزنی رسولی نکال لی گئی۔ نیئر اسپتال کے ڈاکٹر تریمورتی کا کہنا ہے کہ مریض اسپتال میں داخل ہوتے وقت بینائی سے مکمل طور پر محروم ہوچکا تھا اور اس کی حالت ایسی تھی جیسے اس کے دوسر ہوں۔ ہم نے مریض اور اس کے اہل خانہ کو پہلے ہی بتادیا تھا کہ یہ سرجری بہت نازک ہے۔ بعد ازاں 14 فروری کو تقریباً 7 گھنٹے تک مریض کی سرجری کی گئی۔ اس دوران سنت لال کو خون کی 11 بوتلیں چڑھائی گئیں جبکہ سرجری کے بعد 3 روز تک اسے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا۔ تاہم اب مریض صحت یاب ہوگیا ہے اوراس کی حالت خطرے سے باہر ہے، سنت لال کی بینائی بھی بتدریج بحال ہورہی ہے اور ڈاکٹروں کو امید ہے کہ آئندہ چند ماہ میں اس کی بینائی بڑی حد تک لوٹ آئے گی۔