خبرنامہ

مشرق وسطی امن عمل متاثر ہوگا،اقوام متحدہ کا انتباہ

مقبوضہ بیت المقدس/نیویارک (ملت + آئی این پی) عالمی برادری کی مخالفت کے باوجود اسرائیلی پارلیمنٹ نے مقبوضہ فلسطینی زمین پر یہودی آباد کاری بل منظور کرتے ہوئے اسے قانونی قرار دیدیا جبکہ اقوام متحدہ نے خبردار کیاہے کہ بل کی منظوری سے مشرق وسطی امن عمل متاثر ہوگا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی پارلیمنٹ نے یہودی آبادکاری کا بل 52کے مقابلے میں 60 کی اکثریت سے پاس کیا منظور شدہ بل کے تحت فلسطینیوں کی نئی زمین کا معاوضہ دینے کی کوشش کی جائیگی اس کے ساتھ ساتھ دھمکی آمیز الفاظ بھی استعمال کئے گئے ہیں کہ فلسطینی معاوضہ لیں یا نہ لیں ہر صورت میں زمین پر یہودی آباد کئے جائیں گے۔دوسری جانب بل کی منظوری کے بعد اسرائیل کے وزیر اعظم نتین یاہو نے بیان میں کہا کہ یہودی آبادکاری کے بل سے متعلق پیر کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا آگاہ کردیا تھا زرائع کا کہنا ہے کہ اس بل کو قانونی بنانے کیلئے امریکی آشیر باد حاصل ہے۔اقوام متحدہ نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاری کے بل پر انتباہ جاری کیا ہے مشرق وسطی امن سے متعلق اقوام متحدہ کے ایلچی نکولائی ملادینوف نے کہا ہے کہ اس بل سے مشرق وسطی میں امن کرانے میں رکاوٹیں پیدا ہوں گی اور ایک مرتبہ پھر تشدد شروع ہوگا۔