خبرنامہ

مصر، جزیرہ نما سینا میں داعش کا حملہ، 13 فوجی ہلاک

قاہرہٕ: (ملت+آئی این پی) مصر کے جزیرہ نما سینا میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ (داعش) کے حملے میں 13 مصری فوجی ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے،شدت پسند گروپ نے واقعے کی ذمہ داری قبول کرلی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شدت پسند تنظیم داعش کی طرف سے انٹرنیٹ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں دعوی کیا گیا ہے کہ اس کے جنگجوؤ ں نے جزیرہ سینا کے شمالی علاقے میں قائم ایک چیک پوسٹ پر حملہ کرکے کم سے کم 12 مصری فوجیوں کوہلاک اور بارہ کو زخمی کیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ داعشی جنگجوں نے جمعرات کی شام مصری فوج کی دو بکتر بند گاڑیاں تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری فوج کے زیر استعمال بھاری مقدار میں اسلحہ بھی چھین لیا ہے۔ادھرمصری ذرائع ابلاغ کے مطابق جمعہ کے روز گھات لگا کر کیے گئے دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونیوالوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔ مصری فوج کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز العریش کے مغرب میں السبیل کے مقام پر دہشت گردوں نے گھات لگا کر بارود سے بھری کار کے ذریعے مصری فوجیوں کو نشانہ بنایا تھا۔ فوج نے ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی میتیں اٹھا لی ہیں۔ مجموعی طور پر جائے وقوعہ پر 31 فوجی اہلکار موجود تھے جن میں سے 13 ہلاک اور 13 زخمی ہوئے ہیں جب کہ 6 فوجیوں کو بچالیا گیا ہے۔مصر کے طبی ذرائع نے بھی 13 مصری فوجیوں کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔ خیال رہے کہ جزیرہ نما سینا میں دہشت گردوں کے حملوں میں مصری فوجیوں کی ہلاکت کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ جزیرے میں پچھلے کئی سال سے شدت پسندوں اور مصری فوج کے درمیان وقفے وقفے سے جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔ 2013 میں مصری فوج کے ہاتھوں منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹے جانے کے بعد فوج پر پرتشدد حملوں میں اضافہ ہو چکا ہے۔