قاہرہ ۔ 17 اکتوبر (ملت + اے پی پی) مصر کی سکیورٹی فورسز نے دارالحکومت قاہرہ میں ایک سعودی شہری کے قتل کے الزام میں پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق 47 سالہ سعودی معلم خلیل العمیرینی گذشتہ منگل کو قاہرہ میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ان کے مشتبہ قاتلوں کی عمریں 19 سے 32 سال کے درمیان ہیں جن میں کار گیراج کا ایک میکینک بھی شامل ہے۔یہ گیراج مقتول سعودی کی رہائش والی عمارت کے زیریں حصے میں واقع ہے۔مصری سکیورٹی فورسز جرائم کی جگہ پر انگلیوں اور ہاتھوں کے نشانات کے جائزے کے بعد اس نتیجے پر پہنچی تھیں کہ ان مشتبہ قاتلوں نے سعودی شہری کی ڈکیتی کی واردات کے دوران جان لی تھی۔ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ گیراج کے مالک نے اپنے دوستوں سے مل کر سعودی شہری کو لوٹنے کا منصوبہ بنایا اور اس دوران انھیں قتل کردیا۔