خبرنامہ

مصر میں جیل نما ہوٹل عوام کی توجہ کا مرکز بن گیا

مصر میں جیل نما ہوٹل عوام کی توجہ کا مرکز بن گیا
قاہرہ:(ملت آن لائن) مصر میں ایک ہوٹل کو جیل کی شکل دی گئی ہے جس میں کھانوں کے نام بھی سزاؤں کی دفعات پر رکھے گئے ہیں۔ دنیا بھر میں قائم ہوٹلز اپنے گاہکوں کی توجہ حاصل کرنے کے لئے نت نئے طریقے اختیار کرتے ہیں لیکن مصر میں ایک ہوٹل نے عجیب ڈھنگ سے عوام کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ مصر کے شہر المنصورہ میں ایک شخص نے ایسا ہوٹل بنایا ہے جو پوری طرح سے جیل کا منظر پیش کرتا ہے اور عوام کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ جیل نما اِس ہوٹل میں کھانوں کے نام بھی سزاؤں کی دفعات کے ناموں پر رکھے گئے ہیں جب کہ گاہکوں کو کھانا بھی جیل کی کوٹھری نما کمروں میں دیا جاتا ہے۔ہوٹل کے مالک ولید نعیم کے مطابق ہوٹل میں صارفین کو کھانا پیش کرنے کے لئے بنائے گئے کمرے قیدیوں کے سیل سے مماثلت رکھتے ہیں جب کہ ہوٹل ملازمین گاہکوں کو کھانا پیش کرنے کے بعد سیل کو بند کرسکتے ہیں اور کھانے کے بعد صارف آزادی حاصل کرلیتا ہے۔
ولید نعیم کا کہنا ہےکہ جیل ہوٹل میں کھانوں کے نام سزاؤں کے مطابق رکھے گئے ہیں جس میں صارف سب سے بڑی سزا سزائے موت کو مانگے تو اسے مشرقی مصالحے دار گوشت اور عمر قید مانگنے والے کو کم مصالحے دار گوشت کا سینڈوچ پیش کیا جاتا ہے۔